ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / مہاجرین کا بحران پناہ کے یورپی قوانین، نیا لائحہ عمل

مہاجرین کا بحران پناہ کے یورپی قوانین، نیا لائحہ عمل

Mon, 12 Jun 2017 17:50:00  SO Admin   S.O. News Service

برلن11جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاجرین کے بحران نے یورپی یونین کے اتحاد کو امتحان میں ڈال رکھا ہے، مہاجرین کی منصفانہ تقسیم اور پناہ کے یورپی قوانین میں اصلاحات کے لیے طے شدہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے قریب ہے۔ اب یونین نیا لائحہ عمل اختیار کر رہی ہے۔یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان نے گزشتہ برس دسمبر کے مہینے میں ایک اجلاس کے دوران سیاسی پناہ سے متعلق مشترکہ یورپی قوانین میں اصلاحات کرنے کے لیے اس برس جون تک کا وقت طے کیا تھا۔ لیکن یونین کی اپنی طے کردہ مدت بھی ختم ہونے کے قریب ہے اور ابھی تک اس بارے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو پائی۔ اس صورت حال میں یونین نے نیا لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یونین کے پناہ سے متعلق قوانین میں اصلاحات کا ایک بڑا مقصد اٹلی اور یونان پر پڑنے والا مہاجرین کا بھاری بوجھ کچھ کم کرنا بھی تھا۔

لیکن یورپی یونین میں مہاجرین کی منصفانہ اور لازمی تقسیم کا یورپی منصوبہ مشرقی یورپ کی کئی ریاستوں کی شدید مخالفت کے باعث ابھی تک ناکام رہا ہے۔نو جون بروز جمعہ لکسمبرگ میں منعقدہ یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کے ایک اجلاس میں جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے کہا، میرے نزدیک مذاکرات کا موجودہ طریقہ کار نتیجہ خیز ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔یورپی کمیشن کے سربراہ دیمیتریس افراموپولوس نے بھی اس لائحہ عمل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یونین میں مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کا معاملہ اور پناہ کے ملکی قوانین اور انفرادی ممالک کی ذمہ داریوں کے بارے میں معاملات الگ سے طے کیے جانے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ معاملات بھی الگ سے لیکن اسی سال کے آخر تک حل کر لیے جائیں گے۔اس ششماہی کے لیے یونین کی صدارت مالٹا کے پاس ہے۔

مالٹا نے ان معاملات کو طے کرنے کے لیے تمام امکانات سامنے رکھے، لیکن واضح نہیں ہے کہ اس کے باوجود کوئی اتفاق رائے کیوں نہیں ہوسکا۔اٹلی اور یونان میں مقیم مہاجرین کی یونین کے دیگر رکن ممالک منتقلی کے منصوبے کی چیک جمہوریہ اور پولینڈ جیسے ممالک شدید مخالفت کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ ساٹھ ہزار مہاجرین کی منتقلی کی جانا تھی۔ یورپی کمیشن اگلے ماہ اس بابت فیصلہ کرے گی کہ ایسے ممالک کے خلاف کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔تھوماس ڈے میزیئر کے مطابق تاہم اس معاملے کے علاوہ دیگر اہم امور پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا، سکیورٹی حکام کو فوری طور پر یونین کے تمام ممالک میں مقیم مہاجرین کے انگلیوں کے نشانات کے ڈیٹابیس تک رسائی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں تمام رکن ممالک میں سیاسی پناہ دینے کے قوانین میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی بھی فوریضرورت ہے۔ ان معاملات پر اتفاق رائے بھی کافی حد تک پایا جاتا ہے۔


Share: